تاشقند (صباح نیوز)پاکستان اور ازبکستان نے اشیا اور خدمات کے شعبہ میں تجارت کو فروغ دینے کیلئے ایک ارب ڈالر مالیت کے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ معاہدے پر دستخط پاکستان اور ازبکستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت، معاشیات، سائنسی و تکنیکی تعاون کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر ہوا۔
اجلاس ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں منعقد ہوا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ازبکستان کے وزیر سرمایہ کاری، صنعت و تجارت لذیذ قدرت نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔اجلاس میں دونوں ممالک نے تجارت، معیشت، بینکاری، صنعت و پیداوار، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل انڈسٹری، توانائی، تیل، قدرتی وسائل، ٹرانسپورٹیشن، مواصلات، زراعت، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں ازبکستان کے وفد نے تجارت، ٹرانسپورٹ، بینکاری اور زراعت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی کوششوں کو سراہا گیا۔
ازبک وفد نے بتایا کہ ایک ارب ڈالر کے معاہدہ سے دونوں ممالک کے درمیان اشیا و خدمات کو فروغ ملے گا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مشترکہ اجلاس کے انعقاد میں ازبکستان کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو فروغ مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آٹوموبائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قدرتی وسائل کے شعبہ جات میں ازبکستان کے ساتھ تعاون کا خواہشمند ہے۔ مشترکہ اجلاس میں دونوں ممالک نے باہمی تجارت کی استعداد سے مکمل استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فریقین نے پائیدار نمو، سپلائی چین کے قیام اور ضابطہ جاتی ماحول میں سہولیات سے بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس میں مستقبل میں مزید اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔
ازبکستان نے مختلف ذرائع کے ذریعے رابطہ کاری کو فروغ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کی۔پاکستانی وفد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی ذوالفقار یونس، وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
ازبکستان کے وفد کی قیادت وزیر سرمایہ کاری لذیذ قدرت نے کی جبکہ اس موقع پر وزیر کھیل ہمریو اوبیک نعمت اور ازبکستان چیمبر آف کامرس کے چیئرمین اکرام ایڈم بھی موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا آئندہ 9واں اجلاس 2024 میں ہو گا۔ بعد ازاں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر سرمایہ کاری لذیذ قدرت سے بھی ملاقات کی۔۔