وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی ۔

وزیر خزانہ نے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ طویل تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو دونوں فریقوں کے باہمی مفادات کے لیے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے سفیر کو تباہ کن سیلابوں کے ساتھ معاشی چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام لانا ہے جس سے معاشی بحالی اور ترقی ہو گی۔برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش نے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے سماجی و اقتصادی چیلنجوں کو کم کرنے کے لیے حکومت پاکستان اور عوام کے لیے برطانوی حکومت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کی جانب سے نیک نیتی اور تعاون کو سراہا۔