طورخم سرحد پر افغان فورسز کی ایف سی چیک پوسٹ پر فائرنگ

خیبر(صباح نیوز)طورخم سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے ایف سی چیک پوسٹوں پر فائرنگ ہوئی، جس میں ایک ایف سی اہل کار زخمی ہوگیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق طورخم سرحدی گزر گاہ پر دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ، ایک ایف سی اہلکار زخمی ہو ا۔ زخمی ایف سی اہل کار کو سی ایم ایچ لنڈی کوتل منتقل کردیا گیا۔

افغان سکیورٹی حکام نے طورخم سرحدی گزرگاہ کو گزشتہ شام ہرقسم آمدورفت کے لیے بند کردیا تھا، جس کے بعد سے طورخم سرحدی گزرگاہ بدستور بند ہے اور پیدل آمدورفت سمیت تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔

گزشتہ شام ایک افغان شہری نے مریض کیہمراہ سفری دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، ایف سی حکام نے بغیر سفری دستاویزات کے داخل ہونے والے افغان شہری کو واپس کردیاجس پر افغان حکام مشتعل ہوگئے اور افغان سکیورٹی حکام نے طورخم سرحدی گزرگاہ کو گزشتہ شام ہرقسم آمدورفت کے لیے بند کردیا۔