جائیداد تنازع پر فائرنگ ، ڈپٹی سپیکرکے پی اسمبلی کیخلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج


پشاور(صباح نیوز)جائیداد کے تنازع کے نتیجے میں فائرنگ سے مخالف فریق کا ایک شخص جاں بحق ہونے پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود جان سمیت ان کے دو ساتھیوں کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مضافاتی علاقے ریگی سفید سنگ میں ڈپٹی سپیکر کے پی اسمبلی محمود جان اورعیسی خیل قوم کے درمیان جائیداد کا تنازع چلا آرہا تھا۔ گزشتہ روز ڈپٹی سپیکر نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ متنازع زمین میں ایکسی ویٹر سے کام شروع کیا تو مخالف فریق کی جانب سے سے منع کرنے پر فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آ کر محمد علی نامی شخص زخمی ہوا۔

محمد علی کوجب لیڈی ریڈنگ ہسپتال لے جایا جارہا تھا تو وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ واقعہ کا مقدمہ ڈپٹی سپیکر محمود جان سمیت تین افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔