صدرمملکت کا لاہور قلعہ کے اہم حصے پکچر وال اور شاہی باورچی خانے کادورہ


لاہور(صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کے روز لاہور قلعہ (یونیسکو عالمی ورثے) کے اہم حصے پکچر وال اور شاہی باورچی خانے کادورہ کیا۔ صدر پاکستان کا استقبال آغا خان کونسل برائے پاکستان کے صدر حافظ شیرعلی ، ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خواجہ توصیف احمد نے کیا۔

شاہ برج گیٹ(ہاتھی پول) کے ساتھ واقع یہ پکچروال قلعہ کا اصل نجی داخلہ بناتی ہے۔ اس دیوارکوشکار اورجنگ کے مناظر مختلف شبیہوں، جانوروں پرندوں جغرافیائی اور پھولوں کی تصاویرکے ساتھ نہایت عمدگی کے ساتھ سجایاگیاہے۔ یہ دیوار تقریبا 400 سال قبل مغل دور میں تعمیرکی گئی تھی جودنیا کی سب سے بڑی دیواروں میں سے ایک ہے ۔یہ دیوار نقشین گلیزڈ ٹائل پر مشتمل موزائیک کے کام زردوزی استرکاری پینٹ کئے ہوئے چونے کے پلاستر اورکٹی ہوئی اینٹوں سے تعمیرکی گئی ہے ۔

مغلیہ زمانے کے نفیس اورپیچیدہ کام میں انتہائی گہری دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے صدر عارف علوی نے اسلامی تاریخ کے اس اہم حصے کو محفوظ کرنے کی سرتوڑ کوششوں کو بھرپورسراہا۔ پکچر وال اور شاہی باورچی خانے کے تحفظ کا کام آغاز خان ٹرسٹ برائے کلچر اور ملک میں اس کے ملحق ادارے آغاز خان کلچرل سروس پاکستان نے والڈ سٹی آف لاہوراتھارٹی کے تعاون سے انجام دیا ہے ۔

آغازخان ٹرسٹ برائے کلچرکی توجہ دنیا بھرمیں کمیونٹیز کی مادی سماجی ثقافتی اور اقتصادی بحالی پر مرکوز ہے ۔ اس میں آغاخان ایوارڈ فار آرکیٹیکچر آغاخان ہسٹورک سٹیز پروگرام آغا خان میوزک پروگرام آن لائن ریسورس  ہارورڈ یونیورسٹی میں آغا خان پروگرام فار اسلامک آرکیٹکچر اور میسوچیسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی شامل ہیں۔2007 سے آغا خان ہسٹورک سٹیزپروگرام نے والڈ سٹی آف لاہور کی بحالی اور مغل دور کی اس یادگار کومحفوظ کرنے کا کام حکومت پنجاب اور والڈ سٹی آف لاہوراتھارٹی کی شراکت داری سے شروع کیا جس میں مسجد وزیرخان اور شاہی حمام کی بحالی کا کام بھی شامل تھا