خیبرپختونخوا میں عملی طور پر جے یو آئی کی حکومت ہے، شبلی فراز


پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں عملی طور پر جے یو آئی کی حکومت ہے، ایسے لوگوں سے سامنا ہے جو آئین و قانون نہیں مانتے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور گورنر الیکشن سے متعلق ٹال مٹول کر رہے ہیں، ہم انصاف مانگنے کے لئے عدالت آئے ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ آئین سے غداری پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، خیبرپختونخوا میں عملی طور پر جے یو آئی (ف)کی حکومت ہے، نگران حکومت اور گورنر جو کچھ کر رہے ہیں وہ غیرقانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کو اکرم درانی چلا رہے ہیں، نگران وزیراعلیٰ کٹھ پتلی ہیں، ہٹ دھرمی سے قانون اور آئین کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی اور عوام کی کوئی فکر نہیں، اقتدار کو طول دینے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جارہا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ انہوں نے نیب کو دانتوں کے بغیر کردیا، یہ نیب قانون کو غیر موثرکرنے کے لئے ہی آئے ہیں، ہم واپس آتے ہی نیب قانون کو تبدیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان میڈیکل وجوہات کی بنا پر عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔