کراچی (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ سیکٹر اور ریاستی اداروں پر خصوصی افراد کو فعال شہری بنانے کیلئے اقدمات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کو مزید جامع بنانے کے سلسلے میں خصوصی افراد کے لئے روزگار، سہولیات اور قبولیت بڑھانے کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی، خواتین اور خصوصی افراد کی خودمختاری کے شعبوں میں اچھی کارکردگی کے حامل بینکوں کی حوصلہ افزائی کیلئے سالانہ انعامی طریقہ کار وضع کیا جانا چاہیے۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاس کراچی میں بینکوں، سٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، ایف آئی اے اور دیگر کے نمائندوں کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے اور مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کی شمولیت سے متعلق اجلاس کے دوران کیا ۔ صدر نے کہا کہ کاروباری اداروں کو صرف اپنے منافع کو بڑھانے پر توجہ نہیں دینی چاہیے بلکہ معاشرے کے پسماندہ طبقات خصوصا معذور افراد کی مدد کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھی ادا کرنی چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بینکنگ انڈسٹری کو اپنے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے پروگراموں کے ذریعے معاشرے میں شمولیت اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے این جی اوز یا نجی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینا چاہیے۔ صدر نے بینائی اور سماعت سے محروم افراد کو مدد فراہم کرنے کے لیے ہر بینک میں خصوصی فوکل پرسنز کی خدمات حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں، سول سوسائٹی، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، بینکوں وغیرہ کو مختلف معذور افراد کے لئے قبولیت اور روزگار کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے اشاریوں کو بہتر بنانے اور خصوصی افراد کے مسائل کو حل کرنے میں بینکوں کے کردار کو سراہا۔ صدر نے خواتین کو بااختیار بنانے اور خصوصی افراد کی مالی شمولیت سے متعلق مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ صدر مملکت نے معذور افراد کے حوالے سے بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں تقریبا 24 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کے ذہنی تنا کا شکار ہے،
پی ٹی اے کو موبائل سروس کے پیغامات کے ذریعے ذہنی صحت سے متعلق مسائل کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی کہا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے خصوصی افراد کے لیے خود انحصاری کو فروغ دینے اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مناسب تربیت کے ذریعے ہنر مند اور خود انحصار بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مختلف معذور افراد کی خاص طور پر شاپنگ سینٹرز، بینکوں، ریستورانوں، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں تک رسائی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔