خیبرپختونخوا کے تین بڑے ہسپتالوں میں88کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف


پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے تین بڑے ہسپتالوں میں88کروڑ روپے سے زائدکی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

آڈیٹر جنرل کی جانب سے ہسپتالوں میں بے قاعدگیوں کے حوالہ سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صحت انصاف کارڈ کی مد میں بھی کروڑوں روپے کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں جن تین ہسپتالوں میں کروڑوں روپے کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں ان میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ،حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) پشاوراورایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد شامل ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کی مشینری کی خریداری کی مد میں 10کروڑ روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں صحت کارڈ کی مد میں 20کروڑ روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ لیبارٹری رسیدوں کی مد میں بھی کروڑوں روپے کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ میں رسیدوں کی مد میں 22کروڑ سے زائد کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں جبکہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں ایم آرآئی مشینری کی خریداری کی مد میں 23کروڑ روپے کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں جبکہ  ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں انجیوگرافی مشین کی خریداری کی مد میں 13کروڑ روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں جبکہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کی لیبارٹری کے لئے خریدے گئے سامان کی رسیدیں ہی موجود نہیں۔