کسی بھی حکومت نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے،مولاناعبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ منتخب نمائندوں وکسی بھی حکومت نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے بلوچستان مسائل کا انبار بن چکا 75فیصد عوام غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، صاف پانی تک کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ سیلاب نے رہی سہی کسر نکال دی۔گوادر کے عوام کو جائز حقوق قانونی طریقے سے مانگنے پر بھی پابند سلاسل کیا گیا ۔

ایک  بیان میں انہوں  نے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوموں کا ساتھ دیتی رہیگی ۔ملک کو دیوالیہ کرنے والوں کو سزاملنی چاہیے لٹیروں سے قومی دولت برآمد کرکے قرضے چکھانے چاہیے ۔حکمرانوں کو ہر صورت مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر قائدین کو رہا،مقدمات ختم ،اورگوادر کے عوام کو حقوق دینا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بے روزگاری وغربت اورمہنگائی کی شرح سب سے زیادہ، نوجوان بری طرح مایوس ہے۔ حقوق بلوچستان پیکیج سے لے کر گوادر کے عوام سے کیے گئے معاہدہ تک، حکمرانوں نے ہر دفعہ صوبے کے عوام کو دھوکا دیا۔ وعدوں کے باوجود مسنگ پرسن کا مسئلہ حل نہیں ہوا، سالوں گزرگئے ، مائیں اپنے بچوں کی شکل دیکھنے کے لیے ترس رہی ہیں۔ حکمرانوں نے کوئٹہ گوادروبلوچستان کے عوام سے کیے وعدے پورے کیے نہ قبائلی علاقوں کے ساتھ انصاف کیا، نام نہاد معاشی پیکیجز صرف کاغذوں تک محدود رہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے تنگ لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ سارا نظام جھوٹ پر کھڑا ہے۔ سودی معیشت اور کرپشن نے اداروں کو تباہ کیا اور عوام کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔

حکمرانوں کی پالیسیاں قرضہ لو اور ڈنگ ٹپائو تک محدود ہیں۔ ایٹمی اسلامی پاکستان کے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ عوام اپنے جائز حقوق کے حصول ،مسائل کے   لیے جماعت اسلامی کا حصہ بنیں۔جماعت اسلامی میں بلوچستان کے طول وعرض سے شمولیتیں خوش آئند ہیں صوبے کے نوجوانوں،علمائے کرام،سیاسی ورکرز کو خصوصی طور پر دعوت دیتا ہوں کہ جاگیرداروں اور وڈیروں کی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کا آغاز کریں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی نظام آئے گا تو خوشحالی آئے گی اور بلوچستان کے مسائل حل ہوں گے۔ صوبے کے وسائل پر صوبے کے عوام کا پہلا اور بنیادی حق ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی آئی ہے، ہم آئندہ بھی یہ کام پوری یکسوئی اور ہمت سے جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ جماعت اسلامی کسی فرد کے خلاف نہیں فرسودہ نظام کو بدلنے کی بات کرتی ہے