شمالی وزیر ستان ،پاک افغان سرحد پر پولیس افسر کے گھر  پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی سمیت8زخمی


میران شاہ(صباح نیوز)شمالی وزیر ستان میں پاک افغان سرحد کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے اے ایس آئی کے گھر پر حملہ کردیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق واقعہ پاک افغان سرحد کے قریب تحصیل غلام خان کے علاقے ڈانڈے سیدگی میں ہوا۔ پولیس کے مطابق ابتدا میں دہشت گردوں نے گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کی۔ تاہم جب زخمیوں کو اسپتال لے جانے کیلئے گاڑی روانہ کی گئی تو گاڑی میں بھی دھماکا ہوا، جس سے دیگر افراد زخمی ہوئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق 3زخمیوں کی حالت نازک ہے، جن کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو میران شاہ اسپتال منتقل کرنے کے بعد بنوں خلیفہ گلنواز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔