ہیلی کاپٹرز کا استعمال، عمران کو نادہندہ قرار دینے کیلئے الیکشن کمیشن کا نیب کو خط

پشاور(صباح نیوز) خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے پرعمران خان اور دیگر افراد سے ریکوری کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی احتساب بیورو کو خط لکھ دیا جس میں عمران خان اور دیگر غیرمجاز افراد کو متعلقہ فورم سے نادہندہ قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق خط میں لکھا گیا ہے کہ نادہندہ افراد کی فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی جائے، قانون کے مطابق مزید کارروائی کیلئے نادہندگان کی فہرست ریٹرننگ افسران کو بھیجی جائے گی۔نیب دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز میں 1800 غیرقانونی سفر کیے گئے، سیاست دانوں نے 588 اور سرکاری اہلکاروں نے 577 بار ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا، دیگر افراد نے بھی 635 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سفر کیا۔

دستاویز کے مطابق ہیلی کاپٹرز استعمال کرنے والے غیر مجاز افراد کیخلاف 19 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایا جات ہیں، سیاست دانوں کے ذمہ 9 کروڑ، 68 لاکھ روپے سے زائد واجب الادا ہیں۔نیب دستاویز کے مطابق سرکاری اہلکاروں کے ذمہ 5 کروڑ،8 لاکھ روپے سے زیادہ کے بقایا جات بنتے ہیں، دیگر افراد کے ذمہ 5 کروڑ روپے سے زیادہ کے بقایا جات ہیں۔خیبرپختونخوا اسمبلی نے یکم نومبر 2008 سے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کو قانونی قرار دیا تھا، مسلم لیگ ن نے ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق قانون میں ترمیم پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھی ہے ۔۔