مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو عوام بھر پور جواب دیں گے،سینیٹر مشتاق احمد خان


سرائے نورنگ (صباح نیوز) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ الیکشن کے دن عوام کا میڈیٹ چوری ہونے اور دھاندلی کا خطرہ ہے۔

چیف سیکرٹری، آئی جی پی اورصوبائی حکومت سن لیں اگر عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے اور مینڈیٹ کو چوری کرنے کی کوشش ہوئی تو اس ضلع کے پولیس آفیسر اور ڈی سی کو کام نہیں کرنے دیں گے۔ نہ ہی وزیر اعلیٰ کو کام کرنے دیں گے۔

کارکنان مینڈیٹ چوری نہ ہونے دیں۔ کارکنان کو ہدایت ہے کہ مینڈیٹ پر ڈاکے کا بھرپور اور طاقتور جواب دیں۔ اسپیکر اسد قیصر لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں کامیابی نہ دلائی تو فنڈز روک دوں گا۔

اسپیکر کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومتی وزراء بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اسی لئے دھمکیوں اور گالیوں پر اتر آئے ہیں۔ عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام اس حکومت سے عاجز آگئے ہیں۔ اب وقت ہے کہ ووٹ کی طاقت سے اس حکومت کو اس کی اوقات یاد دلائی جائے۔

عوام 19دسمبر کو ترازو کے نشان پر مہر لگا کر حکومت سے اپنی محرومیوں کا انتقام لیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لکی مروت کے دورے کے دوران تحصیل سرائے نورنگ کے نواحی علاقے تختی خیل میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تحصیل سرائے نورنگ کے لئے چیئرمین کے امیدوار اور امیر ضلع حاجی عزیز اللہ خان مروت، نائب امیر ڈاکٹر احسان دانش،مروت قومی جرگہ کے سرکردہ رکن نواب عبدالرحیم خان المعروف مِنی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومتی وزراء ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ضمیروں کو خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لے اور جن اضلاع میں انتخابات ہورہے ہیں ان میں وزراء کے داخلے اور اعلانات پر پابندی لگائے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے ہر چیز مہنگی کردی ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ آئے روز اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت بنا کوئی شرم محسوس کئے عوام سے ووٹ مانگنے نکل پڑی ہے۔

عوام نے اس حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے اسے مسترد کردیا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ باطل، کرپٹ اور نااہل حکومت کے خلاف گھروں، مساجد اور حجروں کو سیاسی اور انتخابی مورچوں میں تبدیل کریں۔

پولنگ ڈے پر ترازو پر مہر لگا کر ہر ظلم اور ناانصافی کا انتقام لیں اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔