جاپان کا پاکستان کو پولیو کیلئے 4.35ملین ڈالر امداد کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز) جاپان نے پاکستان کو پولیو پروگرام کے لئے 4.35 ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے ، اس حوالے سے معاہدہ طے پا گیا، معاہدے پر جائیکا اور یونیسیف نے دستخط کئے ہیں۔جاپان کی جانب سے دی جانے والی امداد ویکسین کی خریداری کے لئے استعمال ہوگی اور اس رقم سے 24 ملین ویکسین کی خریداری ہوگی اور پانچ سال تک کے 21 ملین بچوں کی ویکسینیشن ممکن ہوسکے گی، جبکہ نیشنل ایکشن پلان- 2023 2021کے مطابق پاکستان بھر سے 2023 کے اواخر میں پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔

معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ایچ ای واڈا مٹسو ہیرو نے کہاکہ حکومت پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں، جاپان پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلے میں پچھلے کئی عشروں سے تعاون کررہا ہے۔سربراہ جائیکا شیگکی فروٹا نے کہا کہ پولیو پروگرام اور توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی خسرہ و روبیلا مہم اور پولیو مہم میں مشترکہ کوششوں پر خوشی ہے، کورونا وبا پر قابو پانے میں پولیو پروگرام کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔سربراہ یونیسیف ایڈا گرما کا کہنا تھا کہ حکومت جاپان کا تعاون ہمیں آخری منزل کے قریب لے جائے گا، حکومت جاپان سال 1996 سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں تعاون کررہا ہے۔ کوارڈینیٹر پولیو پروگرام نے بچوں کو موذی بیماری سے بچانے پر جاپان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔