اے پی سی کا التوا اتحادی حکومت کی ناکامی ہے،لیاقت بلوچ


پشاور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے بلوائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کے التوا کو اتحادی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کو کئی دِن گزر گئے لیکن حکومت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے کوئی متفقہ موقف اختیار نہیں کرسکی، حکمران اقتدار اور وزارتیں انجوائے کررہے ہیں، قومی ترجیحات، غریب عوام، ملازمت پیشہ پنشنرز، زراعت، تجارت اور صنعت کی تباہی کے سدباب کے لئے کوئی درد اور احساس نہیں۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح نئے لباس کے ساتھ اتحادی حکومت نے بھی ملک تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کے لیے ایسا طرزِ حکمرانی سکیورٹی رسک ہے۔ سیاسی، اقتصادی، آئینی اور انتخابی بحرانوں سے نکلنے کے لئے سیاسی قیادت کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے جمہوریت، آئین اور انتخابی عمل کو محفوظ بنانا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے پشاور خیبرپختونخوا کے دو روزہ دورہ میں صوبائی، سیاسی، انتخابی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور بہت اندوہناک اور لرزہ خیز واقعہ ہے۔ خیبرپختونخوا اور پورے ملک میں فرنٹ لائن پر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں عوامی محاذ پر قابلِ فخر ہیں۔ پوری قوم سانحہ پشاور کے متاثرہ خاندانوں اور پولیس ادارہ سے تعزیت اور غم کا اظہار کررہی ہے۔ دہشت گردی کے مقابلہ میں شہید اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مالی تعاون میں امتیاز ختم کیا  جائے اور تمام شہدا اور زخمی اہلکاروں کو شہدا پیکج کے مطابق امداد دی جائے۔

لیاقت بلوچ نے ترکیہ، شام میں ہولناک زلزلہ پر ترک اور شامی عوام کیساتھ یکجہتی اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات میں انسان متاثر ہوتے ہیں، قدرتی آفات سے بچنا انسانی طاقت اور صلاحیت سے باہر ہے۔ ترک اور شامی عوام حوصلہ، صبر اور استقامت کیساتھ انشا اللہ اس آزمائش سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کو متاثر کررہی ہیں، تاہم اس حوالے سے انسانی کوتاہیوں کا انسداد کرکے موسمیاتی تبدیلیوں کا سدِباب کیا جائے، آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں اور قیادت سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔