ملک گیر سولرآئیزیشن منصوبے پر عملدرآمد کر کے قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت یقینی بنائیں گے، وزیرِ اعظم

اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک گیر سولرآئیزیشن منصوبے پر عملدرآمد کر کے قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت یقینی بنائیں گے۔وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی بچت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 671 سرکاری عمارتوں کی سولرائیزیشن کا عمل شروع ہے جبکہ وزارت تعلیم کی 600 عمارتوں کی اپنے بجٹ سے سولرائزیشن کی تجویز بھی زیر غور ہے اور 11 کلوواٹ کے فیڈرز کی سولرائیزیشن کا عمل بھی شروع ہے۔

وزارت صنعت نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل اور سولر پینلز کی مقامی پیداوار کے لیے آئندہ ماہ تک پالیسی کو حتمی شکل دے دی جائے گی جبکہ ملک میں انرجی ایفیشنٹ پنکھے اور بلب بنانے کیلئے بھی اقدامات مکمل ہیں۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک گیر سولرآئیزیشن منصوبے پر عملدرآمد پاکستان میں درآمدی ایندھن پر خرچ ہونے والے قیمتی زرِ مبادلہ کی بچت یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن کے عمل کو تیز کرکے معینہ مدت میں اسے مکمل کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک موٹر سائکلز اور سولر پینلز کی مقامی پیداوار کیلئے پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ذیادہ بجلی کی کھپت والے پنکھوں کو بدلنے کا جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کیا جائے ۔۔۔ اجلاس میں سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، انجینئر خرم دستگیر خان، مخدوم مرتضی محمود، وزیرِ مملکت پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی ۔۔