کوہاٹ (صباح نیوز)کوہاٹ کے تانڈہ ڈیم میں ڈوبنے والے مزید 13 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق کل مجموعی طور پر 17 بچے نکالے گئے تھے جن میں 11 جاں بحق ہوئے تھے۔ حادثے میں مجموعی اموات کی تعداد 30 ہوگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے علاقے زر دسی میں کشتی الٹنے سے 30 سے زائد بچے ڈوب گئے تھے۔امدادی ٹیموں کے مطابق کوہاٹ میں واقع تانڈہ ڈیم میں بچے پکنک منانے آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے کشتی میں بیٹھ کر ڈیم کی سیر کرنی چاہی۔طالب علم کشتی میں سوار تھے، جو مدرسے سے تعلق رکھتے تھے، تاہم توازن بگڑ جانے کے باعث کشتی ڈیم کے بیچوں بیچ الٹ گئے۔
دوسری جانب ڈیم میں ڈوبنے والے گیارہ بچوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ سانحہ تاندہ ڈیم کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ کوہاٹ پولیس کے مطابق حادثے کا مقدمہ کشتی بان اور ایکسیئن محکمہ ایریگیشن کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کا واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زیر علاج بچوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔خیال رہے کہ ڈیم میں گذشتہ روز کشتی الٹنے سے 25 سے30کے قریب مدرسے کے بچے اور کشتی بان ڈوب گئے تھے جن میں سے 6کو بچا لیا گیا تھا۔ڈپٹی کمشنر فرقان اشرف کا کہنا ہے کہ تمام لاشوں کو اسپتال لے جانے کے بعد ورثا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق کشتی میں ملاح اور معلم سمیت 40 بچے سوار تھے، حادثہ کشتی میں اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا، اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے جسے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔