سرگودھا( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تبدیلی کا سورج غروب ہوچکا ،قوم نوازلیگ ،پیپلزپارٹی ،اورتحریک انصاف سے مایوس ہوچکی مستقبل جماعت اسلامی اورپاکستان کے نوجوانوں کا ہے ،تبدیلی سے مایوس ہونے والے ہرفردکے لیے جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہیں،تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے تکبراختیارکیا اس کی پاداش میں ذلت کے بدترین گڑھے میں گرپڑے ہیں ، بلوچستان کی سرزمین پرسراج الحق کا سپاہی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہاہے پنجاب سمیت پوراپاکستان بلوچ عوام کی پشت پرکھڑا ہے ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے نومنتخب امیرضلع کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہراقبال حسن، صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امرائے صوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی،محمدضیغم مغیرہ ،نومنتخب امیرضلع سرگودھا اویس قاسم،پروفیسرمحمدعرفان چوہدری، صدرجے آئی یوتھ پاکستان زبیراحمدگوندل،صوبائی صدراویس اسلم مرزا ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،ضلعی سیکرٹری ڈاکٹرطاہرفاروق سمیت دیگرذمہ داران وکارکنان کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ہمارامقابلہ کسی ایک فردیا گروہ سے نہیں بلکہ اس کرپٹ اشرافیہ سے ہے جوظلم کے نظام کو تحفظ دیتا ہے وہ مافیا امیروں کے محلات کوتحفظ دیتا ہے اور غریب کی جھونپڑی کو زمین بوس کرتا ہے ،عدالتوں نے غریب کی بجائے اشرافیہ کے مفادات کاتحفظ جاری رکھا توملک خطرات کی لپیٹ میں آجائے گا۔