صوابی میں سی ٹی ڈی ، آپریشن ،2 خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا


صوابی(صباح نیوز) صوابی میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 2 خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس کے مطابق صوابی میں شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیاجس میں شرپسندوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ ہنڈ کے علاقے میں ہونے والے آپریشن کے دوران کافی دیر تک فائرنگ کاتبادلہ جاری رہا، اس دوران پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔

آپریشن کے دوران خودکش حملہ آوروں نے راہ فرار نہ پاتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ ایک شرپسند کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شرپسندوں کے خلاف رات گئے ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں خودکش حملہ آوروں کی ہلاکت اور ایک شرپسند کی گرفتاری سے تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔