کوئٹہ(صباح نیوز) کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کا دوسرا سپیل شروع ہو گیا جس نے جہاں موسم کو دلفریب بنادیا وہیں مشکلات بھی بڑھادی ہیں۔کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری اور بارش کا دوسرا سپیل شروع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، مستونگ اور چمن میں ایک ایک ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ صوبائی دارالحکومت سمیت مستونگ، قلات، مسلم باغ اور کان مہترزئی میں پہاڑوں پر برف بھی پڑی۔شمالی بلوچستان میں برفباری اور موسم کا لطف اٹھانے کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد زیارت اور کوئٹہ میں موجود ہے۔برفباری کے بعد این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں متحرک ہیں۔کوئٹہ لک پاس مستونگ کان مہترزئی سے برف کی صفائی جاری رہا اور کئی علاقوں میں قومی شاہراہیں کلیئر ٹریفک بحال کر دی۔
دوسری جانب شدید سردی نے مقامی افراد کی مشکلات بھی بڑھا دی ہیں، گیس ناپید ہونے کی وجہ سے عوام کا انحصار لکڑیوں اور کوئلے پر بڑھ گیا۔ماہرین موسمیات نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور برفباری سے زیر زمین قابل استعمال پانی کی سطح بڑھے گی، اس کے علاوہ جہاں پھلوں کے باغات پر مثبت اثرات پڑیں گے وہیں سردی کی حالیہ لہر کا دورانیہ مزید بڑھ گیا۔