پاکستان کی معاشی صورتحال اس وقت بہت نازک ہے، چیئرمین ایف بی آر


پشاور(صباح نیوز)چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتِ حال اس وقت بہت نازک ہے۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے کہا کہ ٹیکس گیپ کو کم عرصے میں فل کرنے کی کوشش کریں گے، ٹیکس کا ہدف حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آمدنی میں شارٹ فال کا سامنا ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ سالانہ ہدف کو حاصل کر سکیں، رواں سال 7.4 ٹریلین کا ہدف مقرر کیا گیا ۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر نے معیشت کی بحالی کے لیے مختلف اقدامات کئے، ایف بی آر موجودہ دور کے تقاضوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔

عاصم احمد نے کہا کہ اس سال ورلڈ کسٹمز ڈے کا تھیم ٹیکس گیپ کو ختم کرنا ہے، ٹیکس گیپ کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پہلا سال ہو گا جب ان ڈائریکٹ ٹیکس کے مقابلے میں ڈائریکٹ ٹیکس زیادہ اکٹھا ہو گا۔