حکومت جانے کے بعد کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی،سینیٹر مشتاق احمد خان


باجوڑ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نام ہی خدمت خلق کا ہے۔ملک میں جب بھی کوئی مصیبت آئی جماعت اسلامی کے رضاکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر خدمت خلق کا اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔ملک میں موجود تمام سیاسی جماعتوں میں صرف جماعت اسلامی کا دامن کرپشن و بدعنوانیاں سے پاک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع باجوڑ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر تحصیل ماموند کے علاقہ لغڑئی بازار اور تحصیل برنگ کے علاقہ میمولہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں بڑے جلسوں سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے اقوام باجوڑ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی غیرت مند و بہادر قوم ہو جنہوں نے ہمیشہ باطل کا مقابلہ کیا۔ آپ کی کاوشوں سے یہاں سے فرسودہ نظام ایف سی آر کا خاتمہ ممکن ہوسکا۔

انہوں نے شرکاء سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو منتخب کریں کیونکہ ان پر کوئی کرپشن یا بدعنوانیوں کا الزام نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو ستر سالوں سے غلام بنانے والوں کو مسترد کرکے دیانت دار و خدمت گار اشخاص کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلط شدہ حکومت نے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کرکے غریبوں کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔صوبائی امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار کے بعد ان کی مزید کرپشن کو ظاہر کیا جائے گا پھر ان کی حقیقت سامنے ہوگی اور ان کو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملی گی۔

جلسے سے نامزد امیدوار برائے سب ڈویژن خار صاحبزادہ ہارون الرشید، امیدوار برائے سب ڈویژن ناوگئی لطیف جان، امیر جماعت اسلامی ضلع باجوڑ حاجی سردار خان، نایب امیر ضلع قاری عبد المجید، چیف آف ماموند ملک آیاز، ملک عبد الولی، ملک دفتر خان اور ملک شاطر خان نے خطاب کیا۔