خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلی اعظم خان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلی اعظم خان نے نگران وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں ہوئی، گورنر غلام علی نے نگران وزیراعلی محمد اعظم خان سے حلف لیا۔

کے پی حکومت اور اپوزیشن نے نگران وزیراعلی کیلئے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے وزیراعلی کیلئے اعظم خان کے نام کی منظوری ہفتہ 21 جنوری کو دی گئی۔واضح رہے کہ وزیراعلی محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کی جانب سے گزشتہ روز اعظم خان کے نام پر اتفاق ہونے کا اعلان کیا گیا تھا،نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کا حلف اٹھانے والے اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں،

وہ سابق نگران وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹری بھی رہے ہیں۔سابق بیوروکریٹ اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دینے والے اعظم خان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ہے