پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں سمیت 3 افراد شہید ہوگئے،
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور پھر خود کش دھماکا کیا، حملے کے نتیجے میں پولیس چیک پوسٹ میں آگ لگ گئی، پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دہشتگرد حملے کے بعد پاک افغان شاہراہ پر آمدورفت بند ہوگئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری چیک پوسٹ کی طرف روانہ کردی گئی ہے، دہشتگردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا جارہا تھا کہ دونوں زخمی دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہید رفیق چیک پوسٹ میں باورچی تھا، خودکش حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد شہید ہوئے ہیں،پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا اور دیگر شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر عمران خان نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر خود کش حملہ ہوا جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، پولیس کے الرٹ رہنے کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے۔
قائم مقام وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور جائے وقوعہ پر اضافی نفری بھیجنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ خودکش حملے کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر اعلی کا شہید ہونے والے اہلکاروں کی درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و تحمل کی دعا بھی کی۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے مسلم ڈھنڈ میں دہشت گردوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ دستی بم چیک پوسٹ کے قریب گر کر پھٹا ۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں بھی دہشت گردوں کا پولیس اور فورسز سے سامنا ہوا۔ احسان پور میں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ان کی جانب سے داغا گیا راکٹ لگنے سے پولیس وین جل کر خاکستر ہوگئی۔