سپریم کورٹ بار کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کی نماز جنازہ پشاور میں ادا، سپردخاک


پشاور(صباح نیوز)گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ کے بارروم میں فائرنگ کے واقعہ میں قتل ہونے والے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن لالہ عبدالطیف آفریدی کی نماز جنازہ پشاور میں اداکردی گئی ۔عبدالطیف آفرید ی کی نمازجنازہ باغ ناران حیات آباد میں اداکی گئی۔

نمازجنازہ میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصررشید خان، وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابدشاہد زبیری،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق گورنر خیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور، میاں افتخار حسین اوردیگر سیاسی اوروکلاء رہنمائوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد عبدالطیف آفریدی کا جسد خاکی تدفین کے لئے ان کے آبائی علاقہ پہنچا کر سپردخاک کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ عبدالطیف آفریدی کو گزشتہ روز ان کے قریبی عزیز عدنان ولد سمیع آفریدی نے پشاور ہائی کورٹ کے بار روم میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔ ملزم نے 9گولیاں فائر کیں جن میں سے چھ عبدالطیف آفرید ی کو لگیں۔پولیس نے ملزم کو جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا تھا۔