توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس، عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل

راولپنڈی(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس میںالیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کے جاری قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ الیکشن کمیشن توہین عدالت کیس کی سماعت جاری رکھے۔

عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس صداقت علی خان نے سماعت کی۔ عمران خان اور فواد چوہدری کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کی سماعت میں پیش ہوتے رہے اور ہوتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی عدالت نہیں اس لئے وارنٹ کااختیار نہیں۔ جسٹس صداقت علی خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ قانون اورانصاف پر مبنی فیصلے کرتی ہے۔ عدلیہ سے ریلیف بھی لیتے ہیں اور میڈیا میں عدالتوں کو نشانہ بھی بناتے ہیں۔ میڈیا میں عدالتوں کو نشانہ بنانا توہین عدالت ہے۔ فواد چوہدری نے میڈیا میں آئندہ عدالتوں کو نشانہ بنایا تو توہین عدالت کی کارروائی ہو گی۔

فواد چوہدری نے انٹرنیشنل چینل پر کرپشن کی ساری ذمہ داری عدالتوں پر ڈالی۔ ابھی توعدالت آپ کو ریلیف دے رہی ہے، فوادچوہدری کو جاکربتادیں ساری ذمہ داری عدالتوں پر نہ ڈالیں۔ بہت ہو گیا عدالت اب برداشت نہیں کرے گی، اینف ازاینف۔ جسٹس صداقت علی خان نے عمران خان اور فواد چوہدیر کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔