پشاور ہائی کورٹ کے بار روم میں فائرنگ ،سینئر وکیل لطیف آفریدی جاں بحق

پشاور(صباح نیوز)سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اورسینئر سیاستدان لالہ عبدالطیف آفریدی پشاور ہائی کورٹ بارروم میں فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا ہے۔ملزم کی جیب سے لاء کالج کا کارڈ برآمد ہوا اور وہ یہ کارڈ دکھا کر پشاور ہائی کورٹ کے بارروم تک پہنچا۔

عبدالطیف آفریدی کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ہسپتال کے ڈاکٹرز نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ہسپتال لانے سے پہلے ہی انتقال کرچکے تھے۔ لطیف آفریدی کو چھ گولیاں لگیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتظامیہ نے نعش ورثاء کے حوالہ کردی ۔ لالہ لطیف آفریدی 1943میں خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے تھے۔ لطیف آفریدی پر خاندانی دشمنیوں کے باعث کئی مقدمات بھی درج ہوئے اور انہیں ان مقدمات میں ضمانت بھی مل چکی تھی اور وہ مقدمات ختم بھی ہوئے ہیں۔