بیرونی آقاؤں کا مشن پورا نہ کرنے پر عمران خان کو افسوس ہے، یہ دوبارہ اقتدار میں آیا تو  ملک تباہ ہوجائے گا،مولانا فضل الرحمان


پشاور(صباح نیوز) سربراہ جمیعت علما اسلام(ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مقابلہ سخت اور وقت کم ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، خیبرپختونخوا آنے والے دنوں میں جمعیت علما اسلام کی حکومت کا منتظر ہے،عمران خان کو اس بات کاافسوس ہے وہ اپنے بیرونی آقاؤں کامشن پورا نہیں کرسکا۔تحریک انصاف کے ایم این اے ناصر موسی زئی نے تقریب کے دوران جے یو آئی میں شمولیت کا بھی اعلان کیا۔

پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ملک علما کا ملک ہے، اسلام کا تعارف دینی مدارس، جمعت علما اسلام کرے گی، وہ کون ہوتا ہے جو چھوٹے سے ہجرے میں بیٹھ کر پورے ملک میں فتوے لگاتا ہے، ہمیں استقامت کے ساتھ ایک راستے پر جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا ہماری مدد کر رہی ہے، عمران خان کے ذریعے پاکستان میں معاشی عدم استحکام لایا گیا، اگر پاکستان کی قسمت میں پھر یہی کم بخت ہے تو پھر یہ ملک اسلامی، اخلاقی ملک نہیں رہے گا، دوسروں کو چور کہتے ہو، اگر تم دیانت دار ہو اور باقی سب چور تو تم پردوست ممالک نے اعتماد کیوں نہیں کیا، کاغذ لہرا کر اس نے اپنے آپ کو مظلوم بنانے کی کوشش کی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی بالادستی کا مقابلہ کیا ہے، عمران خان اپنے آقاؤں کا ایجنڈا مکمل نہیں کر سکا، اس شخص نے دوست ملکوں سے تعلقات خراب کیے، عمران خان نے ملک کو سفارتی طور پر تنہا کیا، عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ اورپروپیگنڈے پر کھڑی ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کرنے کی پوری کوشش کی، دنیا ہماری مدد کر رہی ہے، عمران خان بتاؤ کہ پاکستان کے دوستوں نے تم پر اعتماد کیوں نہ کیا؟، دنیا کہتی ہے عمران کو پیسے دیں گے تو ضائع ہوجائیں گے۔

عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تم نے خود کو مظلوم ثابت کرنے کیلئے ایک کاغذ کا ٹکڑا لہرایا۔ جس کی بنیاد جھوٹ کے سوشل میڈیا پر ہو وہ ہمیں سچ بتائے گا؟  ان جیسے لوگ اپنے اعمال اور کردار کی وجہ سے بدبودار ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان سوچ رہا تھا میں اسمبلیاں توڑوں گا تو طوفان آجائے گا، عمران خان دوبارہ اقتدار میں آیا تو یہ ملک تباہ ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ سے زیادہ جعلی آئی ڈیز سے پارٹی چلانے والے ہمیں تبلیغ کرتے ہیں، یہ مغربی تہذیب کے نمائندے ہیں ہماری سوسائٹی سے تعلق نہیں رکھتے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے ایم این اے ناصر موسی زئی جے یو آئی میں شامل ہوگئے، انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔