ابوظہبی (صباح نیوز) متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے لئے 2 ارب امریکی ڈالر کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور 1 ارب امریکی ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ،وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف کا ابوظہبی میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گرانقدر تعاون کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے برادر ملک میں مدعو کرنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو فعال کرنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔