وزیراعلی پنجاب کے اعتماد کا ووٹ،عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کواہم ذمہ داریاں تفویض

لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے11 جنوری سے قبل وزیراعلی پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کیلئے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک سونپ دئیے۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے سپیکرپنجاب اسمبلی سبطین خان، سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، اسلم اقبال، محمود الرشید اور عباس علمدار کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ 11 جنوری سے قبل ہر صورت اعتماد کا ووٹ لیا جائے جس کے لیے پارٹی رہنما ارکان اسمبلی سے رابطوں کا عمل جلد مکمل کریں، اعتماد کے ووٹ کے بعد پارٹی فیصلے کے مطابق آئندہ اقدامات ہوں گے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 9 جنوری کے اسمبلی اجلاس میں ارکان سے رابطوں کا عمل مکمل کر لیا جائے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق فی الحال 3 ارکان اعتماد کے ووٹ میں نہیں آئیں گے، ان کے 3 ارکان کے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق اس وقت پی ٹی آئی اور (ق)لیگ کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔