لاہور (صباح نیوز)وزیرِ خزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبے کا تعلق ٹوٹ چکا ہے، ہم صرف اپنے وسائل سے صوبہ چلا رہے ہیں۔
ایوانِ وزیرِ اعلی لاہور میں تحریکِ انصاف کے زیرِ اہتمام معاشی صورتِ حال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کی تقریب کے پہلے سیشن سے خطاب میں وزیرِ خزانہ کے پی کے تیمور جھگڑا نے کہا کہ ہمارے فنڈز ارکانِ قومی اسمبلی کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ 9 جنوری کو سیلاب زدگان کے لیے جنیوا میں مدد مانگنے جا رہے ہیں، ہمیں سیلاب ریلیف کے فنڈز میں سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔وزیرِ خزانہ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمارے 232 ارب روپے دینے ہیں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بجٹ کو بھی کم کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو صرف 10 فیصد ڈیولپمنٹ بجٹ دیا گیا، جولائی سے پی ڈی ایم حکومت نے این ایچ پی کا کوئی پیسہ نہیں دیا۔ تیمور جھگڑا کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاق فاٹا کے ضم ہونے والے اضلاع کے لیے بھی رقم نہیں دے رہا، ہمارا پنشن بل 100 ارب روپے کا ہے۔