اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے 16صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ہے۔
عدالت نے قراردیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے یونین کونسلوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلے کو مسترد کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن کالعدم قراردیا جاتا ہے۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کو سن کر معاملہ قانون کے مطابق حل کرے۔ عدالت کے سامنے ایک درخواست یہ دائر کی گئی تھی کہ ایک یونین کونسل کے ووٹ دوسری یونین کونسل میں منتقل کردیئے گئے ہیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ وہ28دسمبر کو درخواست گزاروں کا مئوقف سن کر ووٹر لسٹوںسے متعلق فیصلہ کرے۔ عدالت نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعداد 101سے بڑھا کر125کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کا مئوقف27دسمبر کو سن کر فیصلہ کرے۔