خیبر پختونخوا حکومت نے دہشتگردوں کو سر اٹھانے کا موقع دیا ،احسن اقبال


راولپنڈی (صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے دہشتگردوں کو سر اٹھانے کا موقع دیا ہے، جن عناصر کا خاتمہ کیا تھا وہ آج پھر سے سر اٹھا رہے ہیں۔

راولپنڈی میں ویمن یونیورسٹی میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ینگ ڈویلپمنٹ فورم نے جامعات میں خواتین کو تشدد کے خلاف آگاہی دی، کوئی ملک خواتین کو مواقع دئیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ چین اور بنگلہ دیش کی مثال سب کے سامنے ہے، چین نے خواتین کو شانہ بشانہ ترقی میں ساتھ دینے کا موقع دیا اور بنگلہ دیش پاکستان کے بطن سے پیدا ہوا، خواتین کو آگے آنے کا موقع دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں خواتین اس انداز میں مواقع نہیں ملے، خواتین کو مواقع نہ دینے پر مختلف شعبوں میں جنسی تفریق بڑھ گئی۔انہوںنے کہا کہ میڈیکل کالجز میں تقریباً 70فیصد خواتین طالبات پائی جاتی ہیں، پاکستان کی سول سروسز میں اہم ترین سیٹوں پر تقریبا آھے سے زیادہ خواتین سامنے آرہی ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی  وترقی نے کہا کہ 2047میں پاکستان سو سالہ تقریبات منا رہا ہوگا، کیا تب کے وزیر بھی ملال کا اظہار کر رہے ہونگے؟ اگر آگے بڑھنا ہے تو ملک کی اجتماعی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی منتشر گروہ بڑا کام یا کارنامہ سرانجام نہیں دے سکتا ہے، انفرادی طور پر ہم بہترین صلاحیت کے حامل ہیں، ہم ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، تعصب اور نفرت کا وائرس انسان کو ناکارہ کر دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیادت متحرک گروہ کو یکجا کرتی ہے، جو لیڈر جتنا تفرقہ باز ہوگا اتنا ترقی کے لیے نقصان دہ ہے گا، اگر میں چور کافر غدار ہونگا تو یہ اچھی سوچ نہیں ہے۔ انکا کہنا ہے کہ سیاست میں اگر میری ترجیح ایک جماعت ہے تو دوسرا مجھے غدار نہ سمجھے، آج فیصلہ کریں کہ اگلے 25 سال  لڑ کر گزارنا ہے یا پھر متحد ہوکر رہنا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے انتشار سے بچنا ہوگا، کے پی کے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، جن عناصر کا قلع قمع کیا تھا وہ پھر سے سر اٹھا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کو پہلے بھی ختم کیا تھا اب بھی کرینگے، پاکستان میں امن کے ساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو مسلسل عدم استحکام کی طرف لے جارہا ہے، کے پی کے میں لا اینڈ آرڑ کی صورت حال سب کے سامنے ہے، کے پی کے حکومت نے دہشت گرد عناصر کو سر اٹھانے کا پھر سے موقع دیا ہے۔

احسن اقبال نے  کہا  کہ حکومت سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور معیشت پر کام کررہی ہے عمران خان سیاسی کھیل کھیل رہا ہے، دہشت گرد جو پھر سے سر اٹھارہے ہیں انکے خلاف متحد ہوکر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔