بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے،سینیٹر مشتاق احمد خان


لنڈی کوتل( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ باطل، کرپٹ اور نااہل حکومت کے خلاف گھروں، مساجد اور حجروں کو سیاسی اور انتخابی مورچوں میں تبدیل کریں، پولنگ ڈے پر ترازو پر ٹھپے لگا کر ہر ظلم اور ناانصافی کا انتقام لیں، انضمام کے اربوں فنڈز حکومت نے ہڑپ کئے ہیں، حکومت نے ملک کے تمام ادارے بیچ د ئیے ہیں۔

تین سال میں قبائلی علاقوں کے اربوں روپے استعمال نہیں کیے گئے بلکہ صرف چند کروڑ روپے استعمال کئے گئے جو حکومت کی نااہلی اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے قبائلی علاقوں کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ نہ دینا حکومت کی ناکامی اور ظلم ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے شینواری کے علاقے ملاگوری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے خیبر سلطان خیل میں وی سی 15 کے انتخابی دفتر کا افتتاح بھی کیا۔

قبل ازیں سینیٹر مشتاق احمد خان کا لنڈی کوتل میں جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن نے پورے ملک اور قبائلی علاقوں میں جو کام کئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ باصلاحیت اور دیانت دار قیادت لنڈی کوتل سمیت پورے قبائلی علاقوں اور دیگر اضلاع میں میدان میں اتار دی ہے تاکہ منتخب ہو کر عوام کی بہتر خدمت کر سکیں۔ قبائلی عوام کے ساتھ انضمام کے وقت وعدے کئے گئے تھے کہ سو ارب سالانہ ترقیاتی فنڈز دینگے، چالیس ہزار نوکریاں دینگے، تعلیم اور صحت کی سہولیات دینگے لیکن حکومت نے قبائلی عوام کے ساتھ ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔

روزگار، سڑکیں اور پانی کی سہولیات نہیں اور بدقسمتی سے قبائل کے فنڈز پر حکمران عیاشی کرتے ہیں جو قابل مذمت ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہی تھی لیکن عدالت کے ذریعے بھاگنے نہیں دیا انہوں نے کہا کہ خوگہ خیل قبیلے کے ساتھ ظلم پر خاموش نہیں رہینگے اور طورخم کا مسئلہ سینیٹ کی فلور پر اٹھاونگا۔

انہوں نے لنڈی کوتل کے عوام سے اپیل کی کہ ظلم، کرپشن اور ناانصافی سے نجات کے لئے ترازو پر ٹھپے لگا کر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔

جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار برائے تحصیل چئیرمین شپ سید مقتدر شاہ آفریدی نے شینواری علاقے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیسوں کے پجاری اس بار ناکام ہونگے انہوں نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن نے لنڈی کوتل میں بلا امتیاز خدمت کی ہے اور موجودہ منتخب نمائندوں نے قوم کو مایوس کیا ہے۔

جلسے میں جماعت اسلامی کے امیدواران ضیاء الحق آفریدی، حاجی دنیا گل، محمد حیات، عمر علی، عبدالرؤف شینواری، ارمان علی اور اسماعیل شینواری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔