اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی وجہ سے پنجاب گزشتہ ساڑھے چار سے انتظامی اور آئینی بحران کا شکار ہے، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں ان لوگوں نے ایک کے بعد ایک سیاسی اور آئینی بحران پیدا کیا ہے۔ اب سپیکر اعتماد کا ووٹ لینے کو تیار نہیں، گورنر کے بلائے اجلاس کو روکنے کیلئے انہوں نے رولنگ دی ہے۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ گورنر کی ایڈوائس پر اجلاس نہ بلانا اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور آئین کے آرٹیکل109کی خلاف ورزی ہے۔ آئینی عمل سے راہ فرار حاصل کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ بن گیا ہے۔ اگر سپیکر کو ہائوس کا اعتماد حاصل ہے تو اجلاس کیوں نہیں بلاتے؟ تاخیری حربے استعمال کرنا کا مقصد کیا ہے؟
شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کے پاس اگر پنجاب اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے تو سپیکر سے کہیں اعتماد کا ووٹ لیں۔ ڈر کس بات سے رہے ہیں؟ اسمبلی تحلیل صرف وہی سپیکر کر سکتا ہے جس کو ہاؤس کا اعتماد حاصل ہو جس وزیر اعلیٰ کو ہؤس کی اکثریت ہی حاصل نہیں وہ ایک آئینی اسمبلی کو تحلیل نہیں کر سکتا ۔