اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے چین کے نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں جمہوریہ چین کے عوام، قیادت اور حکومت کو نئے قمری سال کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ موقع نہ صرف چین کے عوام کے لیے خوشی اور مسرت کا لمحہ ہے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک عظیم ثقافتی اور روایتی تہوار کی حیثیت رکھتا ہے۔ چین کا نیا سال امید، خوشحالی اور ترقی کی علامت ہے، اور میں دعاگو ہوں کہ یہ نیا سال چین اور اس کے عوام کے لیے مزید کامیابیوں اور ترقی کا باعث بنے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔
ہماری یہ رشتہ محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ ایک گہری برادرانہ وابستگی، باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کے عزم پر قائم ہے۔ چین کی قیادت اور عوام نے ہمیشہ استقامت، محنت اور لگن کے ذریعے دنیا میں ترقی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ہم چین کی غیر معمولی ترقی اور کامیابیوں کو سراہتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہوگی۔سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان سینیٹ کی جانب سے میں ایک بار پھر چین کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد دیتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ یہ سال امن، خوشحالی، ترقی اور کامیابیوں سے بھرپور ہو۔ ہماری دوستی ہمیشہ مضبوط، پائیدار اور روشن رہے