کراچی ،88کلوآئس سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام، لاہور ائیرپورٹ پر ساڑھے 7کلو ہیروئن برآمد،ملزمان گرفتار


کراچی /لاہور/پشاور(صباح نیوز) کراچی میں اے این ایف نے مٹی کے تندوروں کے ذریعے آئس سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی،جبکہ اے این ایف نے لاہور ائیرپورٹ سے دوحہ جانے والے 2ملزمان سے ساڑھے 7کلو ہیروئن برآمد کرلی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر واقع نجی کوریئر آفس پر چھاپے کے دوران آئس جذب کئے تندوروں کو قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ سامان بک کرانے والے خیبر کے رہائشی اقرار احمد کو بھی گرفتارکرلیا۔

اے این ایف ترجمان نے بتایا کہ ملزم اقرار احمد نے 6تندور جدہ سعودی عرب بھیجنے کے لئے بک کرائے تھے، اور6تندوروں سے 56کلو جذب شدہ آئس تھی، جسے کارروائی کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم نے مزید 5تندور کراچی پہنچنے کا انکشاف کیا، اور ملزم کی ہی نشاندہی پر سہراب گوٹھ سے مزید 2، لیاری سے 3تندور برآمد کرلئے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ 11تندوروں میں مجموعی طور پر ساڑھے 88کلو آئس جذب کی گئی تھی، جو قبضے میں لے لی گئی ہے جبکہ ملزم اور اس کے ساتھیوں سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب اے این ایف نے لاہور ائیرپورٹ سے دوحہ جانے والے 2ملزمان سے ساڑھے 7کلو ہیروئن برآمد کرلی ہے۔ترجمان کے مطابق پاکپتن کی خاتون اور مرد نے ہیروئن ٹرالی بیگ میں چھپا رکھی تھی، جو قبضے میں لے لی گئی ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

ایک اور کارروائی میں اے این ایف نے باچا خان ایئرپورٹ سے قطر جانے والے ملزم سے چرس بھرے کیپسول برآمد کرلئے۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی کے رہائشی ملزم نے 120کیپسولز پیٹ میں چھپا رکھے تھے، جبکہ ملزم کی نشاندہی پر ائیرپورٹ سے اس کا ساتھی بھی گرفتار کرلیا گیاہے۔