لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کا جنازہ نکالنے کے علاوہ امپورٹڈ سرکار چمن سے سوات، لکی مروت اور بنوں تک پیش آنے والے واقعات کی شکل میں پاکستان میں دہشتگردی کی شرح میں50 فیصد اضافے سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ یہ” دوستانہ” افغان حکومت کی فوجوں کی جانب سے بین الاقوامی پاک-افغان سرحد پر کی جانے والے حملوں کے تدارک میں بھی ناکام ہوئے ہیں۔
ان خیالات کااظہارعمران خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ ایسے میں جب ہمارے جوان، پولیس اہلکار اور مقامی لوگ روزمرہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، دہشتگردی کے خطرات اور مغربی سرحد سے کئے جانے والے حملوں میں اضافہ مجرموں کی اس سرکار کے اقوال و افکار(بیانی)میں جگہ تک نہیں پا رہا۔ انکی ساری توانائیاں NRO-2 اور اس کے تحفظ پر مرکوز ہیں۔ چنانچہ معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات، جو کہ سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت مستحکم کرنے کا واحد کلیہ ہیں، کے انعقاد سے گھبرا رہے ہیں۔