عمران خان اور اتحادیوں کے بیچ اختلافات اب سب کے سامنے آگئے،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اور اتحادیوں کے بیچ اختلافات اب سب کے سامنے آگئے ہیں، عمران خان کی دھونس دھمکی کی سیاست نے تحریک انصاف کو ایسی بند گلی میں پہنچا دیا ہے جہاں ان کے پاس سیاسی آپشنز ہی ختم ہو چکے ہیں۔ یہ پارلیمانی جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں نہ ہی ڈائیلاگ میں۔ جب آپ جمہوری اور آئینی سیاست کے بجائے فسطائیت کی سیاست کریں گے تو انجام یہی ہوگا۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اور اتحادیوں کے بیچ اختلافات اب سب کے سامنے آگئے ہیں۔ تحریک انصاف کے ارکان بھی عمران خان کے فیصلے سے نا خوش ہیں۔ اس کا مطلب ہے اسمبلی توڑنے کی خواہش صرف ایک ہی شخص کی ہے۔ ماضی میں اسحاق خان اور ڈکٹیٹروں نے اسمبلیاں توڑی تھیں، عمران خان کی سوچ ان صاحبان سے مختلف نہیں، ان کو اپنے سیاسی بیانیہ کیلئے کسی نا کسی کو مورد الزام ٹھہرانا پڑتا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ بیرونی سازش کا بیانیہ بے نقاب ہوا تو عدم اعتماد کا الزام سابق آرمی چیف پر لگا رہے ہیں۔ان کو غلط فہمی ہے کہ حکومت اور ادارے دبائو میں آکر ان کے مطالبے تسلیم کر لیں گے۔ اس بند گلی سے ان کو پارلیمان ہی نکالے سکتا ہے۔