اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کے لئے اسمبلیاں توڑنا ڈکٹیٹرز کی روایت ہے، فرد واحد کی ضد کے تابع 2 صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کروائے گئے تو ان کے نتائج متنازع رہیں گے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نئی حکومت اپنے انتخاب کا جواز ڈھونڈتے اپنی ٹرم اور قوم کا قیمتی وقت ضائع کر دے گی، استحکام کے لئے غیر متنازع انتخابات کا انعقاد لازم ہے، نااہلی اور گرفتاری سے ڈرنے کی بجائے مقدمات کا عدالت میں سامنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ سچے ہیں تو ڈر کیسا، قومی اسمبلی میں آئیں، سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ کر کے ہی راستہ نکلے گا، ذاتی مفادات کے لئے اسمبلیاں توڑنا ڈکٹیٹرز کی روایت ہے، 2 صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا واحد مقصد دبائو بڑھا کر نااہلی اور گرفتاری سے بچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرد واحد کی ضد کے تابع 2 صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کروائے گئے تو ان کے نتائج متنازع ہی رہیں گے، اور اس کے نتیجے میں عام انتخابات بھی متنازع بن جائیں گے۔