کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے کل پورے پاکستان میں ضلع سطح پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے موقف کی تائید اور اظہار یکجہتی کی ریلیاں نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ یہ پاکستان کا معاملہ ہے، تمام اختلافات ایک طرف رکھ کر ریلیوں میں بھرپور شرکت کی جائے۔ یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سندھ آرکائیوز میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔
شازیہ عطا مری نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر موسمیاتی انصاف کے حوالے سے موثر انداز میں رکھا، اور ان کی انتھک محنت سے پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی ۔ یہ کامیابی پاکستان کی کامیابی نہیں پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کی کامیابی ہے ۔ جس کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ اس وقت بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری امریکا میں عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ رکھ رہے ہیں ، اس دوران بھارت کے ایکسٹرنل افیئرز منسٹر نے فضول بیان دیا جس کا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھرپور جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حقارت بھرے پروپئگنڈہ کاجواب دیاہے ، ہم جواب دینا جانتے ہیں پاکستان تھپڑ کاجواب دوسرے گال سے نہیں بلکہ جوابی تھپڑ سے دیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے پڑوسیوں سے اچھے روابط کی بات کی ہے جس پر پاکستان کے اندر ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔
پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جنوبی ایشیا میں مل کر یورپی یونین کی طرز پر کام کرنے کی بات کی ہے انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیربھٹو نے اپنی حکومتوں میں امن دوستی بھائی چارگی پر بات کی۔ لیکن بھارت میں اس وقت جو حکومت ہے اس میں صرف نفرت کی بات کی جاتی ہے۔ مودی سرکار ہندووتا کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ، جوکہ ہندوستان کی نمائندہ جماعت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تو پڑھتے تھے کہ بھارت سیکیولر اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے ۔ لیکن مودی سرکار نے ہندوستان میں مسلمانوں ، ہندں کی ذیلی ذاتوں اور دلتوں کو نشانہ پر رکھا ہوا ہے ۔
شازیہ عطا مری نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک ہے وہ مسئلہ کشمیر پر بھی ایک ہے آج بھی اگر آپ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو برا بھلا کہہ کر پاکستان کو دہشت گرد کہہ کر نکل جائیں گے۔ ایسا نہیں ہوگا۔ تھپڑ مارو گے تو تھپڑ پڑے گا۔ مزید کہا کہ ہماری شرافت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کے پاس شہید ذوالفقار علی بھٹو کا دیا ہوا نیوکلئیر ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شھید ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی نے کشمیر کا مقدمہ لڑا ۔پاکستان کے لیے کشمیر وہ ایشو ہے جو 1947 میں حل ہو جانا چاہیے ۔ یہ حل تو نہ ہوا لیکن مودی سرکار نے اس کو بہت زیادہ پیچیدہ بنا دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے پاس ہیومن رائٹس تو ہے ہی نہیں ۔شازیہ عطا مری نے کہا کہ مودی سب سے بڑا فاشسٹ لیڈر ہے اور آج وہاں کانگریس احتجاج کررہی ہے یہ ہمیں کیا بتا رہے ہیں۔ یہ جماعت کی بات نہیں ہے یہ پورے پاکستان کی بات ہے ۔سب پاکستانیوں کو ملکر اظہار یکجہتی کیلیے کھڑا ہونا پڑے گا۔ہم دہشت گرد نہیں بلکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جانیں دی ہیں ۔ آرمی پبلک اسکول کا سانحہ اور ہم نے بی بی کو کھویا ہے۔ہم چاہتے ہیں بلاول بھٹو زرداری محفوظ رہیں۔ وہ مودی جیسے وزیر اعظم کو بھی للکار سکتا ہے۔
جہاں جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ہم وہاں کھڑے ہوں گے ہم اظہار یکجہتی منائیں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جرات مندانہ انداز میں بھارت کے وزیر خارجہ جی شنکر کو جواب دیا۔بھارت میں مودی کے کہنے پر ٹرینوں کو آگ لگائی گئی، دہشتگردی کے تانے بانے بھارت اور مودی سے ملتے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کلبھوشن پاکستان کیا کرنے آیا تھا؟ اور مودی کے دور میں گجرات میں کیا ہوا،
انہوں نے کہاں کہاں کس کس کے خلاف کیا کیا کیا وہ دنیاکے سامنے ہے وزیر خارجہ بلاول بھٹونے مردانہ جواب دیکرمنہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح ایک مرتبہ پھر دنیاکے آگے کشمیرکیس رکھا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جس طرح یو این کے فورم پر شرپسندانہ پروپئگنڈہ مہم کے تحت شرانگیزی کی گئی وہ قابل مذمت ہے۔جب ایک غلط الزام قوم پرلگے اس کاجواب ہمت کے ساتھ ہمارے وزیرخارجہ نے دیا۔ ان میں جومرچیں اورآگ لگی ہے وہ دنیادیکھ رہی ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم اس ملک میں بیٹھے ہوئے ہیں جہاں مودی کے داخلے پرپابندی تھیوہ دنیاکا تسلیم شدہ دہشتگرد ہے وہ اب ہندوستان کاوزیراعظم ہے۔ کشمیر میں دنیاکی تاریخ کاسب سے طویل کرفیولگایاگیااپنے ملک کے اندر اور حکومت کے دوران وہ معصوم مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔