وزیراعظم کی زیر صدار ت اجلاس،اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسلام آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی عمارات تعمیرکرنے کی ہدایت

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت  کے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ایسی ہائوسنگ سوسائٹیز اور رہائشی عمارات تعمیر کی جائیں جو کہ جدید سہولیات سے آراستہ ہوں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کے روز بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اسلام آباد کے ہائوسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کے حکام نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت  کے رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ایسی ہائوسنگ سوسائٹیز اور رہائشی عمارات تعمیر کی جائیں جو کہ جدید سہولیات سے آراستہ ہوں۔ وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ ان ہائوسنگ یونٹس کی تعمیر میں تجربہ کار اور اچھی شہرت کے حامل  ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔

کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وہ منصوبے جن میں سرمایہ کاری کے حوالے سے استعداد ہے، کی  مناسب مارکیٹنگ کی جائے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیراعظم احد چیمہ ،وزیر اعظم کے  معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،  چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔