آئی ایم ایف پروگرام معطل نہیں ہوا، مذاکرات جاری اور تکنیکی جائزہ لیا جا رہا ہے،عائشہ غوث پاشا

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام معطل نہیں ہوا، وزارت کی سطح پر مذاکرات ہو رہے ہیں اور تکنیکی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ رواں مالی سال ہم نے 33 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کرنی تھیں، 23 ارب ڈالر قرض اور 10 ارب ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ رواں مالی سال 6 ارب ڈالر کا قرض واپس جبکہ 4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کیا گیا ہے، 8.3 ارب ڈالر کے کمرشل قرضوں کو رول اوور کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے، 1.1 ارب ڈالر کے کمرشل قرضوں کی واپسی کرنی ہے۔

گورنر جمیل احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں 13 ارب ڈالر کے بجائے 4.5 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنے ہیں، 4 ارب ڈالر کے قرضے رواں مالی سال ہمیں ملے ہیں، مزید 4 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر رواں مالی سال 18 سے 19 ارب ڈالر کے قرضے ملنے کا امکان ہے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تکنیکی مذاکرات ورچوئلی ہورہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے ہونے پر سٹاف سطح پر معاہدہ ہو جائے گا۔