اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پا کستان سرمایہ کار دوست پالیسیز پر عمل پیرا ہے.، حکومت پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے مصر سے تعلق رکھنے والے معروف بزنس مین جناب نجیب ساویرس نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے نجیب ساویرس اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیز پر عمل پیرا ہے.۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکشن، توانائی، زراعت، فوڈ پراسیسنگ ، لائیو اسٹاک، سیاحت اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کاری کمپنیز استفادہ حاصل کر سکتی ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق نجیب ساویرس کا بزنس گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکشن اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں کامیاب سرمایہ کر چکا ہے۔ ساویرس نے پاکستان میں مزید اور شعبوں خصوصا کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔