نیویارک(صباح نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گتیرس سے ملاقات کی ۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو ملک میں تباہ کن سیلابوں کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بڑے پیمانے پر مدد کرنے اور آئندہ سال 9 جنوری کو جنیوا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے پاکستان پر اثرات کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کرنے پر ان کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ نے عہد ساز کانفرنس میں اہم عطیہ دہندگان، ترقیاتی اداروں اور نجی شعبے کی شرکت کو محفوظ بنانے اور پاکستان کے جامع منصوبے اور مخصوص منصوبے کی تجاویز کی حمایت کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے سیکرٹری جنرل سے مسلسل تعاون کی خواہش کی۔سکریٹری جنرل نے جاری انسانی امدادی کاموں کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کے لیے اقوام متحدہ کی مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کانفرنس کی کامیابی اور پاکستان کی تعمیر نو ان کی “اولین ترجیح” ہے۔سیکرٹری جنرل نے ترقی پذیر ممالک کو درپیش فوری چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ایک متفقہ اور جامع حکمت عملی بنانے کے لیے G-77 اور چین کی خصوصی وزارتی کانفرنس بلانے کے وزیر خارجہ کے بروقت اقدام کو بھی سراہا۔