لاہور(صباح نیوز)لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی، سابق وفاقی وزیر مونس الہی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، ملکی مفاد میں فیصلہ کرنا ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی، سابق وفاقی وزیر مونس الہی اور ایم این اے حسین الہی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہی نے صدر مملکت کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ دونوں کے درمیان ملکی معیشت کومزید بہتر بنانے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں پاکستانی بن کر صرف پاکستان کا ہی سوچنا ہے، سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، ملک کے وسیع ترمفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، پاک وطن ہم سب سے اتحاد، یگانگت اور سیاسی رواداری کا تقاضا کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، اللہ تعالی سے پوری امید ہے کہ پاکستان کیلئے بہتر راستہ نکل آئے گا۔