اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران خان کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے،ملکی سلامتی کو کمزور کرنے کی ہرایک مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران نیازی اپنے غیر ملکی ایجنڈے پر عملدرآمد کرتے ہوئے پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے، خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے، ملکی سلامتی کو کمزور کرنے کی ہرایک مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے، حکومت کو بلیک میل کرنے، دارالحکومت اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ذریعے حملہ کرنے اور اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو نافذ کرنے میں بری طرح ناکامی کے بعدعمران خان اب پارلیمانی نظام جمہوریت پرحملہ آور ہونے پر تلا ہواہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام جمہوریت، قومی وصوبائی اسمبلیاں اور 1973 کا آئین وہ نظام ہے جس پر ایک مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔کسی آئینی اور قانونی جواز کے بغیر محض اپنے مذموم سیاسی مقاصد اور ملک دشمن بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اگر ہم نے ایک مرتبہ حملے کو کامیاب ہونے دیا تو پھر باربار یہ عمل دہرایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پارلیمان میں بیٹھی ہر اپوزیشن حصول اقتداراور اپنے سیاسی ایجنڈے کے حصول کیلئے یہ حربہ آزمائے گی جس سے خدشہ ہے کہ پارلیمانی نظام جمہوری اپنے انجام کو پہنچ جائے گا۔ عمران خان نیازی کا پارلیمانی جمہوری نظام پراعتماد کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ یہ اپنے حصول اقتدار کیلئے کسی بھی غیرآئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈے کو استعمال کرنے سے باز نہیں آئے گا۔