تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات، عسکری اور سول قیادت سمیت عوامی سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کے پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کویکساں سیکیورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے، پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے، مزید برآں، اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان انٹیلی جنس صلاحیتوں میں اضافے اور تاجکستان کی مسلح افواج کے ساتھ تکنیکی مہارت کے تبادلے میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔

وزیر دفاع نے مسلح افواج کے درمیان دوستانہ کھیلوں کے مقابلے اور دونوں ممالک کے خصوصی مواقع پر باہمی بنیادوں پر فوجی بینڈ کی نمائش کی تجویز پیش کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور کے علاوہ دفاعی تعاون میں اضافے کی نئی راہیں مسخر کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تاجک صدر نے اپنی حکومت کے عزم کا یقین دلایا اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے وزیر دفاع کو جلد تاجکستان کے دورے کی دعوت دی۔