وزیراعلی پرویز الہی نے تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے کی حتمی منظوری دے دی۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی سے ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں خواجہ شیرازمحمود، محمد خان لغاری، سیف الدین کھوسہ، سردار محمد محی الدین کھوسہ، جاوید اختر لنڈ، مخدوم رضا، علی رضا دریشک، رائے ظہور شامل تھے، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی پنجاب محمد خا ن بھٹی بھی اس موقع پرموجود تھے۔

چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مطالبے پر تونسہ کو ضلع کا درجہ کیلئے فوری اقدام کیا ہے، 2005 میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھا، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اب تونسہ کو ضلع کادرجہ دینے کی حتمی منظوری بھی میں نے دی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تونسہ کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جانے پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتا ہوں، چند ماہ کے قلیل عرصے میں تونسہ پانچواں نیا ضلع ہے، قبل ازیں مری، وزیرآباد،تلہ کنگ اور کوٹ ادو کو ضلع کا درجہ دیا جا چکا ہے۔

چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ضلع بننے سے تونسہ کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی، تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا، فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔ ملاقات کے دوران اراکین اسمبلی نے تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دینے پر وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے اظہار تشکر کیا۔