عمران جو بھی اعلان کرے، 17 تاریخ کو لبرٹی چوک موجود ہوںگا، شیخ رشید


لاہور(صباح نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 17تاریخ کو عمران خان جو بھی اعلان کریں گے، میں لبرٹی چوک میں موجود ہوں گا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ اس حساس وقت میں ملک نہایت گھمبیر، تشویش ناک اور خوفناک حالات سے دوچار ہو رہا ہے، معیشت دم توڑ رہی ہے جو کہ قومی سلامتی کی ضامن ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ عوام تک حق، سچ اور حقیقت کی بات پہنچائوں، پاکستان انشا اللہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا، پاکستان کے پاس نوجوانوں کا ایک سمندر ہے، نوجوانوں کا سمندر اپنے ملک پر اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 17 تاریخ کو عمران خان جو بھی اعلان کریں گے، جو بھی تاریخ دیں گے، میں لبرٹی چوک میں موجود ہوں گا، میری پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں استحکام ہو، سیاسی عدم استحکام ختم ہو، پاکستان آگے بڑھے اور اس ملک میں جلد از جلد الیکشن ہوں۔