عمران خان کا رونا، پیٹنا اور چیخنا این آر او کے لئے ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا رونا، پیٹنا اور چیخنا این آر او لینے کے لئے ہے، عمران خان نے جو گل کھلائے ہیں وہ قوم کے سامنے آ چکے ہیں، کسی نے کوئی چوری کی تھی تو چار سال میں الزام ثابت کرتے، حقیقی آزادی اب صرف زہریلے اور سازشی فتنے سے آزادی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب ! الزام ثابت کیوں نہیں کئے؟ ثبوت کیوں نہیں دیئے، چار سال آپ نے جو کیا ہے وہ ذرا عوام کو بتا دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اتنی عجلت اور پریشانی کیوں ہے؟

عمران خان اب چور چور اور حقیقی آزادی کی گردان کرتے ہوئے ذہنی مریض لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کل کروں گا، آج کروں گا، کل تاریخ دوں گا، آج تاریخ دوں گا، پکی جھوٹی عادتیں نہیں جاتیں ۔